national youth employment meeting

باصلاحیت نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: (روزنامہ جرأت)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ باصلاحیت نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی پر عمل درآمد کا جائزہ اجلاس وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا، جس میں پالیسی کے تحت نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت نوجوانوں کو روزگار کے مواقع مہیا کرنے کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی پر عمل درآمد کی پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہر ماہ ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملک کے ہنرمند اور باصلاحیت نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت کی جانب سے ملک کی پہلی نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا اجرا مخلصانہ کاوشوں کی عکاسی ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت اقدامات کے لیے بین الوزارتی تعاون اور جامع حکمت عملی ناگزیر ہے۔ نوجوانوں، بالخصوص خواتین کی روزگار کے نئے مواقع میں شمولیت یقینی بنانے کے لیے انہیں ہنرمند بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت ملک بھر، بالخصوص بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی ہنرمند افرادی قوت کو اندرون اور بیرون ملک کاروباری و صنعتی طلب سے ہم آہنگ کرنے کے لیے NAVTCC اور سمیڈا میں ادارہ جاتی اصلاحات کی گئی ہیں۔وزیراعظم نے پالیسی کی بدولت نوجوانوں کو حاصل ہونے والے فوائد کے حوالے سے آگاہی مہم چلانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔
اس موقع پر دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن افرادی قوت کے لیے بین الاقوامی سرٹیفیکیشن اور مطلوبہ زبان پر مہارت کے حوالے سے خصوصی اقدامات کررہا ہے۔ نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار فراہم کرنے کے لیے مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق تربیت دی جارہی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومتی اقدامات کے تحت ڈیجیٹل یوتھ ہب کے ذریعے نوجوانوں کو اندرون و بیرون ملک روزگار کے مواقع کی تفصیلات ایک پلیٹ فارم پر فراہم کی جارہی ہیں۔ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی پر مؤثر عملی اقدامات کے لیے تمام وزارتیں اور متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مشاورت سے کام کررہے ہیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ تعلیمی اداروں میں یوتھ ڈویلپمنٹ سیلز قائم کیے جارہے ہیں، جو نوجوانوں کی رہنمائی اور کیریئر کاؤنسلنگ کے ساتھ انہیں روزگار اور ہنرمندی کے مواقع سے بھی آگاہ کریں گے۔ اجلاس میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرپرسن رانا مشہود نے وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق کیے گئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی۔

اہم اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ شریک ہوئے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود اور دیگر متعلقہ سرکاری اداروں کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں