esmailbaghaeiiran

تہران اور واشنگٹن کے درمیان پاکستان کی ثالثی میں مذاکرات جاری ہیں، ایرانی وزارت خارجہ

(روزنامہ جرأت)ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان بات چیت پاکستان کی ثالثی کے ذریعے جاری ہے اور دونوں فریقین نے ایران کی حالیہ تجویز پر اپنے اپنے ردعمل اور آراء بھی ارسال کر دی ہیں۔ترجمان کے مطابق مذاکرات کا عمل مکمل طور پر براہ راست نہیں بلکہ ثالثی چینل کے ذریعے آگے بڑھ رہا ہے، جس میں پاکستان کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ایرانی وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ حالیہ پیش رفت کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان بنیادی اختلافات برقرار ہیں، تاہم رابطے کا سلسلہ منقطع نہیں ہوا۔بیان میں کہا گیا کہ ایران نے اپنی تجاویز پیش کر دی ہیں اور امریکا کی جانب سے بھی جواب موصول ہوا ہے، جن پر مزید غور جاری ہے۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق ایرانی اور عمانی تکنیکی ٹیموں نے گزشتہ ہفتے عمان میں آبنائے ہرمز محفوظ جہاز رانی کے طریقۂ کار پر مذاکرات کیے اور دیگر متعلقہ فریقوں کے ساتھ آبنائے ہرمز کے طریقۂ کار پر مسلسل رابطے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کو خطے کے کسی بھی ملک، بشمول متحدہ عرب امارات سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق مذاکرات کا مقصد کشیدگی میں کمی اور خطے میں ممکنہ استحکام کی راہیں تلاش کرنا ہے، تاہم کسی حتمی معاہدے کی تصدیق نہیں کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں