petroltax

تیل کے نرخ آسمان سے باتیں کر رہے ہیں، جمعے کو قیمتوں کا دوبارہ تعین کریں گے، وزیر اعظم

(روزنامہ جرأت)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، جمعے کو قیمتوں کا دوبارہ تعین کریں گے۔وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ امریکا ایران مذاکرات کے دوران نائب وزیر اعظم، فیلڈ مارشل اور محسن نقوی کا اہم کردار رہا، فیلڈ مارشل نے ہمت نئی ہاری، اسحاق ڈار بھی اپنے ہم منصبوں سے رابطے میں رہے، 11 اپریل کو امریکا اور ایران کے مذاکرات کا دور شروع ہوا، 11 اپریل کو مذاکرات کا سیشن 11 گھنٹے چلا۔شہباز شریف نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ کے ساتھ تفصیلی ملاقات ہوئی، عباس عراقچی نے کہا کہ وہ اپنی قیادت سے مشاورت کے بعد جواب دیں گے، دعا گو ہیں کہ یہ جنگ جلد ختم ہو اور امن بحال ہو۔انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، پرسوں آنے والے جمعے کو قیمتوں کا دوبارہ تعین کریں گے، یہ بہت چیلنجنگ صورتحال ہے، ٹاسک فورس روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دن رات محنت کرتے ہوئے مسائل کو حل کرنا ہے، پبلک ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں کی سبسڈی برقرار رکھنے کے لیے صوبوں سے مشاورت جاری ہے۔وزیراعظم نے ایران جنگ کے نتیجے میں پیدا ہونے والے ایندھن کے بحران سے نمٹنے کے لیے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اب صورتحال تسلی بخش دکھائی دے رہی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی منڈیوں میں ایندھن کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، ہمارا ہفتہ وار جنگ سے پہلے تیل کا بل 300 ملین ڈالر کے لگ بھگ تھا اور آج یہ 800 ملین ڈالر تک ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی ایندھن کی کھپت پچھلے ہفتوں کے مقابلے میں کم ہوئی ہے، صورتحال کی باقاعدگی سے نگرانی کی جا رہی ہے۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ جنگ شروع ہونے سے پہلے پاکستان میکرو اکنامک محاذ پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا تھا، جنگ کے ساتھ، ہماری دو سال کی کوششوں کو دھچکا لگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں