pm shahbaz plane going to saudia

خطے کی کشیدہ صورتحال؛ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سعودی عرب روانہ

اسلام آباد: (روزنامہ جرأت)خلیجی ممالک میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے سبب وزیراعظم محمد شہباز شریف فیلڈ مارشل کے ہمراہ سعودی عرب کے تین روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے جہاں وہ وزیراعظم و ولی عہد محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کریں گے۔سرکاری بیان کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود ہے جس میں وفاقی وزرا بھی شامل ہیں۔دفتر خارجہ کے مطابق اس اہم دورے کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانا اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی معاملات پر مشاورت کرنا ہے۔
دورے کے دوران وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے اہم ملاقات کریں گے، جس میں دونوں رہنما پاکستان اور سعودی عرب کے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کریں گے، جبکہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی معاملات بھی ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔بیان کے مطابق یہ دورہ خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے ماحول میں ہو رہا ہے، تاہم اس کی اہمیت صرف موجودہ حالات یا قلیل مدتی معاملات تک محدود نہیں۔
توقع ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ روابط مزید مضبوط ہوں گے، اسٹریٹجک تعاون کو وسعت ملے گی، علاقائی و عالمی امور پر باہمی رابطہ کاری میں اضافہ ہوگا اور کثیرالجہتی تعاون کو بھی مزید تقویت حاصل ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں