security forces in kp

سیکیورٹی فورسز کی خیبر پختونخوا میں کارروائیاں، فتنۃ الخوارج کے 10 دہشتگرد ہلاک

(روزنامہ جرأت)سیکیورٹی فورسز کی خیبر پختونخوا میں دو مختلف کارروائیوں میں فتنۃ الخوارج کے 10 دہشت گرد مارے گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں دہشت گردوں کے خلاف 2 الگ آپریشنز کے دوران پاک فوج نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق پہلی کارروائی 6 اگست کو جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں کی گئی، جہاں بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملے کی کوشش کی۔
فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دوسری کارروائی ضلع دیر میں کی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے مزید 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ اس طرح دونوں کارروائیوں میں مجموعی طور پر 10 دہشت گرد مارے گئے۔
بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ سیکیورٹی اداروں کے مطابق یہ عناصر علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں سرگرم رہے تھے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ ان علاقوں میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔بیان کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت عزمِ استحکام وژن کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے جنوبی وزیرستان اور دیر میں فتنۃ الخوارج کےبھارتی سرپرستی میں سرگرم 10 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین کیا ہے۔انہوں نے جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
اپنے پیغام میں آصف زرداری نے کہا کہ قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے خلاف ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔
دریں اثنا وزیراعظم نے جنوبی وزیرستان اور ضلع دیر میں کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اپنے بہادر جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جرات اور قربانیوں پر فخر کرتی ہے۔اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی پھیلانے والے عناصر کے ناپاک عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔ آپریشن عزم استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف کاروائیاں بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں