(روزنامہ جرأت)سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران 4 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ سیکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کےعلاقے سپن وام میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا جس دوران دہشتگرد سرغنہ عمرعرف جان میر سمیت 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگرد عمرعرف جان میر نے سپن وام میں بوبالی مسجد کے اطراف زیر زمین بنکر، سرنگیں اور بارودی جال بچھارکھا تھا۔
سکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ خارجی سرغنہ عمرعرف جان میر کے سر کی قیمت 30لاکھ روپے مقرر تھی جبکہ ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز اور شہریوں پر دہشتگرد حملوں کا ماسٹر مائنڈ تھا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے مربوط حکمت عملی کے تحت دہشت گردوں کو گھیرے میں لے کر ہلاک کیا۔ ماہرین کے مطابق فتنہ الخوارج کے دہشت گرد سرغنہ کی ہلاکت سے علاقے میں امن بحال ہوگا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں خوارجی سرغنہ کی ہلاکت فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے لیے بڑا دھچکا ہے۔
ماہرین کے مطابق آپریشن عزم استحکام کے تحت فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔




