pm shehbaz depart for bishkek for shinghai meeting

شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کیلئے وزیراعظم بشکیک روانہ

اسلام آباد:(روزنامہ جرأت) وزیراعظم شہباز شریف تین روزہ دورے پر کرغستان کے دارالحکومت بشکیک روانہ ہوگئے۔
وزیراعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے اور مختلف علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے، شہباز شریف ایس سی او پلس سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔
وزیراعظم ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتا حی تقریب میں بطور مہمان خصوصی بھی شرکت کریں گے، دورے کے دوران وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کرنے والے مختلف ممالک کے رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے جس میں باہمی تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری، علاقائی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کرغزستان کے صدر صدار ژاپاروف سے دوطرفہ ملاقات کریں گے جس میں پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔
وزیراعظم کے دورۂ کرغزستان کے دوران تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی روابط، تعلیم، سیاحت اور عوامی روابط کے فروغ پر بات چیت ہوگی، وفاقی وزراء جام کمال خان، علیم خان اور عطاء اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں