nationalassembly

قومی اسمبلی: پاک چین تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر متفقہ قرارداد منظور

(روزنامہ جرأت)قومی اسمبلی نے پاک چین تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر متفقہ قرارداد منظور کرلی۔
قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں منعقد ہوا، اجلاس کے دوران چینی وفد کی مہمانوں کی گیلری میں آمد پر ارکان نے ڈیسک بجاکر وفد کا استقبال کیا، اسپیکر کی جانب سے چینی وفد کو خوش آمدید کہا گیا۔ خاتون اوّل آصفہ بھٹو زرداری کی جانب سے چینی وفد کا پر جوش استقبال کیا گیا، انہوں نے مہمانوں کی گیلری میں جاکر چینی وفد کے شرکاء سے مصافحہ کیا۔ایوان نے پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی، قرارداد وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پیش کی جس میں کہا گیا کہ یہ ایوان پاک چین تعلقات کے پچہتر سال مکمل ہونے پر مبارک باد پیش کرتا ہے، ایوان چینی وفد کو خوش آمدید کہتا ہے اور سی پیک پر پاک چین کوششوں کو سراہتا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان اعلان کرتا ہے کہ دنیا اگلے پچہتر سال میں پاک چین دوستی کو مزید مضبوط دیکھے گی۔
اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ہمارے اور حکومت کے درمیان شدید اختلافات ہیں جنہیں بالائے طاق رکھ کر ہم یہاں آئے ہیں، چینی وفد کی آمد پر بائیکاٹ ختم کیا، ہم چینی وفد کو قومی اسمبلی آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان چین کے احسانات کبھی نہیں بولے گا۔چینی وفد کے اعزاز میں استقبالی ایجنڈا مکمل ہوتے ہی اپوزیشن ایوان سے واک آؤٹ کرگئی چینی وفد کے احترام میں اپوزیشن نے نعرے بازی سے بھی گریز کیا۔ چینی وفد پورے ایوان کی طرف سے ملنے والی تکریم پر انتہائی مسرت کا اظہار کیا۔
چینی وفد نے سینیٹ کے اجلاس میں بھی شرکت کی، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے چینی وفد کو اجلاس میں خوش آمدید کہا۔نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ون چائنہ پالیسی پر کاربند ہے، پاک چین دوطرفہ تعلقات کثیرالجہتی ہیں، چین نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ چین کے وفد کو سینیٹ آمد میں خوش آمدید کہتا ہوں، پاک چین تعلقات باہمی تعاون اور احترام پر مبنی ہیں، چین نے ہمیشہ پاکستان کی سلامتی اور ترقی کیلئے ساتھ دیا، خطے میں امن کیلئے دیگر مماملک کے ساتھ ملکر کام کر رہے ہیں۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک فیز ٹو منصوبے کا آغاز ہو چکا ہے، توانائی منصوبے بھی سی پیک کا حصہ ہونگے، پاک چین دوستی ہر آزمائش پر پورا اتری ہے۔سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ہمارے انتہائی اہم دوستوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، سینٹ پورے ملک کی مساوی نمائندگی کرتی ہے، آپ ایسے وقت میں آئے جب مستقبل ایشیا کا ہے، ایشیا کو امن کی طرف لانا ہو گا، تمام مسائل کو بات چیت سے حل کرنا ہو گا۔
راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ایشیا میں امن کے لیے پاکستان اور چائنا کی دوستی اہم ہے، چائنا بہت حوالے سے ہمارے لیے رول ماڈل ہے، بےروز گاری سمیت مختلف مسائل چائنا نے دنوں میں حل کیے، چائنا کی دوستی پر اعتماد کیا جا سکتا ہے، پہلے ممالک دنیامیں جنگ کرانے کے لیے تعلقات بناتے تھے، چائنا ترقی کے لیے دنیا میں تعلقات کو فروغ دے رہا ہے، سی پیک کے مکمل ہونے پر پاک چائنا دوستی دنیا کے سامنے مثال ہو گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں