attack on police post in mardan

مردان میں پولیس چوکی پر حملہ، دہشتگرد ہلاک، 3 اہلکار زخمی

پشاور:(روزنامہ جرأت) مردان میں پولیس چوکی سری بہلول پر دستی بم حملہ ناکام بنادیا گیا۔ چوکی پر تعینات اہل کاروں کی بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی میں حملہ آور ہلاک جبکہ 3 پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ تخت بھائی کی حدود میں پولیس چوکی سری بہلول پر نامعلوم دہشت گرد نے 14 ستمبر 2026 کی رات تقریباً 11 بج کر 55 منٹ پر دستی بم سے حملہ کیا۔ چوکی پر تعینات اہل کاروں نے بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں حملہ آور ہلاک ہوگیا، جبکہ جوابی کارروائی کے دوران حملہ آور کے ہاتھ میں موجود دوسرا دستی بم بھی وہیں پھٹ گیا۔حملے کے نتیجے میں چوکی کے اندر ڈیوٹی پر موجود 3 پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
قائم مقام ڈی پی او مردان ماریہ مصطفیٰ PSP دیگر پولیس افسران کے ہمراہ موقع پر موجود رہیں اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ اور نگرانی کا عمل جاری ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش بھی کی جارہی ہے۔ بعد ازاں قائم مقام ڈی پی او اور دیگر افسران نے اسپتال پہنچ کر زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں