flood in nepal

نیپال: سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 270 ہوگئی، سیکڑوں افراد لاپتا

کھٹمنڈو: (روزنامہ جرأت)نیپال میں سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد 270 ہوگئی جب کہ سیکڑوں افراد تاحال لاپتا ہیں۔ نیپال کے ضلع راسووا میں گزشتہ روز اچانک آنے والے سیلابی ریلے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 270 ہوگئی ہے جب کہ 500 سے زائد سیاح لاپتا ہیں جن کی تلاش کے لیے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
نیپال کے سیاحتی حکام کے مطابق لاپتا افراد میں 400 سے زائد غیرملکی بھی شامل ہیں جن میں 142بھارتی، 54 امریکی، 34 آسٹریلوی، 33 برطانوی، 24کینیڈین،17 ملائیشین اور 53 یوکرینی شہری شامل ہیں۔
اس کے علاوہ جنوبی کوریا، جنوبی افریقہ، پرتگال اور نیدرلینڈز سے تعلق رکھنے والے کچھ افراد لاپتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔دوسری جانب چینی سرکاری میڈیا کے مطابق تبت کے علاقے گیرونگ میں مٹی کے تودے گرنے کے بعد 558 افراد لاپتا ہیں جن میں 260 غیرملکی شہری شامل ہیں جب کہ حادثات میں 3 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
چینی میڈیا کے مطابق سیلاب اور مٹی کے ریلے سے سرحدی علاقے میں گھروں، سڑکوں اور بجلی کے منصوبوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں