اسلام آباد: (روزنامہ جرأت)وزیر دفاع خواجہ آصف نے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فوجی جوانوں کی وطن کیلئے قربانی کو تنخواہ سے جوڑنا غیرمنصفانہ ہے، یہ شہداء اور ان کے خاندانوں کی دل آزاری ہے۔اپنے بیان میں خواجہ آصف کا کہنا تھا مولانا فضل الرحمان ایک کہنہ مشق سیاستدان اور ممتاز مذہبی رہنما ہیں، ان سے الفاظ کے انتخاب میں زیادہ ذمہ داری کی توقع کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوجی جوانوں کی وطن کیلئے قربانی کو تنخواہ سے جوڑنا غیرمنصفانہ ہے، یہ شہداء اور ان کے خاندانوں کی دل آزاری ہے، کوئی شخص محض تنخواہ کیلئے اپنی قیمتی جان کی قربانی نہیں دیتا، جان کی قربانی کے پیچھے کسی نظریے، عقیدے، فرض یا وطن سے گہری وابستگی ہوتی ہے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا آپ حالات و واقعات یا طریقہ کار سے اختلاف کر سکتے ہیں، مگر اس نظریے، وابستگی، محبت اور قربانی کی توہین نہیں کر سکتے، دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے، پاک فوج سمیت دیگر اداروں کےجوان اور شہری شہادتیں دے رہے ہیں، ان کی قربانی کو تنخواہ کا نتیجہ قرار دینا سیاسی تنقید نہیں بلکہ اخلاقی بےحسی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ مولانا صاحب نے صرف ایک ادارے کو نہیں، ہزاروں شہداء، غازیوں، بیواؤں اور یتیموں کے جذبات کو مجروح کیا۔




