sajjad haider khan

پاک سعودیہ دفاعی تعاون جاری ہے، دفاعی معاہدے پر عملدرآمد کیلئے وقت درکار ہوگا: ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: (روزنامہ جرأت)ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہےکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ دفاعی تعاون جاری ہے اور دفاعی معاہدے پر عمل درآمد کے لیے وقت درکار ہوگا۔اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہاکہ سعودی عرب میں حوثیوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان نے سعودی قیادت اور عوام سے اظہار یکجہتی کیا، پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سالمیت کی حمایت جاری رکھےگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ دفاعی تعاون جاری ہے، پاکستانی فورسز سعودی عرب میں تربیت اور لاجسٹک مقاصد کے لیے موجود ہیں تاہم دفاعی معاہدے پر عمل درآمد کے لیے وقت درکار ہوگا اور جلد دفاعی تعاون کے مزید پہلو سامنے آئیں گے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود حل طلب مسئلہ ہے، بھارتی دعوؤں اور ہتھکنڈوں سے کشمیر کی متنازع حیثیت تبدیل نہیں ہوسکتی، اقوام متحدہ کا آفیشل نقشہ جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت ظاہر کرتا ہے، بھارتی اقدامات کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔سجاد حیدرخان نے مزید کہا کہ پاکستان بھارت کے سہارن پور میں مسجد مسمار کرنے کی مذمت کرتا ہے، یہ واقعہ بابری مسجد کی یاد تازہ کرتا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ افغان طلبا پر پابندی عائد کرنے کا تاثر درست نہیں، افغان طلبہ کے خلاف مکمل پابندی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، درست ویزا اور ڈگری پروگرام میں رجسٹریشن رکھنے والے افغان طلبہ تعلیم مکمل کرسکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں