punjab local government elections proposed for december 14

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 14 دسمبر کو کروانے کی تجویز

لاہور: (روزنامہ جرأت)الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کو صوبے میں بلدیاتی انتخابات 14 دسمبر کو کروانے کی تجویز دے دی۔الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کا ڈرافٹ شیڈول چیف سیکریٹری پنجاب کو ارسال کر دیا جس کے مطابق صوبے میں بلدیاتی انتخابات 14 دسمبر کو ہوگا۔مجوزہ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 27 اکتوبر سے 30 اکتوبر کے درمیان جمع کروائے جا سکیں گے، جس کی جانچ پڑتال 2 سے 5 نومبر کے دوران ہوگی۔اسی طرح کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلیں 7 سے 11 نومبر کے دوران دائر کی جا سکیں گی، ٹربیونل 12 سے 16 نومبر کے دوران اپیلیں نمٹائیں گے، کاغذات نامزدگی 18 نومبر تک واپس لی جا سکے گی۔امیدواروں کی حتمی فہرست 19 نومبر کو آویزاں کی جائے گی، 20 نومبر کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے جبکہ الیکشن کے لیے پولنگ 14 دسمبر کو ہوگی اور ریٹرننگ افسران نتائج کا اعلان 17 دسمبر تک کریں گے۔ایڈیشنل ڈی جی الیکشن کمیشن ندیم قاسم نے چیف سیکریٹری پنجاب کو مراسلہ لکھ دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ مجوز ہ شیڈول پر اپنا فیڈ بیک جلد ارسال کریں۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ مشاورتی اجلاس میں پنجاب حکومت نے 15 دسمبر سے 15 جنوری کے درمیان بلدیاتی انتخابات کروانے کی تجویز دی تھی۔الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی تجویز کو تسلیم کیا تھا اور اس تجویز کی روشنی میں الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا ڈرافٹ پروگرام تیار کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں