fire hydrants

پنجاب کے تمام بڑے سرکاری اسپتالوں کے اطراف فائرہائیڈرنٹس بنانےکا حکم

لاہور:(روزنامہ جرأت) پنجاب کے تمام بڑے سرکاری اسپتالوں کے اطراف فائرہائیڈرنٹس بنانےکا حکم دے دیا گیا۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کے مطابق صوبے بھر کے تمام بڑے سرکاری اسپتالوں کے اطراف فائرہائیڈرنٹس بنانےکا حکم دیا گیا ہے جس کے پہلے مرحلے میں 57 سرکاری اسپتالوں کی فہرست تیار کرلی گئی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ واسا کو اہم مقامات کی نشاندہی اور فائر ہائیڈرنٹس بنانے کا ٹاسک تفویض کیا گیا ہے۔دوسری جانب پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے صوبے بھر کے سرکاری و نجی اسپتالوں کو مراسلہ جاری کیا ہے۔مراسلے میں سرکاری و نجی اسپتالوں میں فائر سیفٹی اقدامات پر عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسپتالوں میں فائر سیفٹی قوانین، قواعد و ضوابط، معیار پر مکمل عمل کیا جائے، تمام اسپتال فیسلٹی مینجمنٹ اور انفیکشن کنٹرول ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
مراسلے کے مطابق فائر فائٹنگ آلات، ایمرجنسی راستوں و نقشوں اور عمارت کے فٹنس سرٹیفکیٹ کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈپارٹمنٹ سرکاری و نجی اسپتالوں کے فائر سیفٹی معائنے مکمل کرے اور فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے اسپتالوں کی تفصیلات پی ایچ سی کو فراہم کی جائیں۔مزید برآں مراسلے میں اسپتال انتظامیہ کو تربیت یافتہ عملہ اور باقاعدہ فائر سیفٹی ڈرلز یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ بدھ کی صبح اسلام آباد کے پمز اسپتال کے گائنی وارڈ کی نرسری میں آگ لگنے سے 14 نومولود جھلس کر جاں بحق ہوگئے تھے۔اس کے علاوہ سی ڈی اے کے فائر بریگیڈ ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ پمز میں آگ سے بچاؤ اور انسانی جانوں کے تحفظ کے انتظامات ناکافی تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں