transportersstrikekarachi

کراچی میں بھاری جرمانوں کیخلاف ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال، شہری شدید مشکلات کا شکار

(روزنامہ جرأت)کراچی میں ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے باعث شہر بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ معطل ہوگئی، جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق بسیں مختلف اڈوں پر کھڑی کر دی گئیں جبکہ ملازمت پیشہ افراد، مزدوروں، طلبہ اور دیگر شہریوں کو اپنی منزلوں تک پہنچنے کے لیے طویل فاصلے پیدل طے کرنا پڑے۔حب ریور روڈ، شیرشاہ اور دیگر علاقوں میں شہری پبلک ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی پر پریشان دکھائی دیے۔ متعدد پولیس اہلکار، نجی سیکیورٹی گارڈز اور دیگر ملازمین بھی گھنٹوں پیدل سفر کرنے پر مجبور رہے۔ٹرانسپورٹ کی بندش کے باعث آن لائن ٹیکسی سروسز اور چنگچی رکشوں پر دباؤ بڑھ گیا، جس کے نتیجے میں کرایوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ دوسری جانب نجی گاڑیاں چلانے والوں کی مانگ میں بھی اضافہ ہوگیا۔کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے مطابق ہڑتال بھاری چالانوں، ای چالان نظام، سرکاری سبسڈی کی عدم ادائیگی، ایکسائز کے ریکارڈ روم سے فائلوں کے غائب ہونے، مبینہ بھتہ خوری، کرایوں میں اضافے کی اجازت نہ ملنے، پولیس کی جانب سے گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ اور انتظامیہ کی جانب سے مطالبات نہ سنے جانے کے خلاف کی جا رہی ہے۔
ٹرانسپورٹرز اپنے مطالبات کے حق میں کراچی پریس کلب پر احتجاج بھی کرتے رہے ہیں اور مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں