shipcollided

کراچی پورٹ کے قریب دو بحری جہاز آپس میں ٹکرا گئے

(روزنامہ جرأت)کراچی پورٹ کی حدود میں دو بحری جہازوں، ایم وی این آئی ڈبلیو اے اور ایم وی پاپو کے درمیان تصادم کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک جہاز کو نقصان پہنچا جبکہ دوسرے جہاز سے کنٹینرز سمندر میں گر گئے۔
پورٹ حکام کے مطابق حادثہ گزشتہ شام اس وقت پیش آیا جب کراچی بندرگاہ سے روانہ ہونے والے کنٹینر بردار بحری جہاز ایم وی پاپو نے زیرِ سمندر کیبلز کی دیکھ بھال کرنے والے جہاز ایم وی این آئی ڈبلیو اے کو ٹکر مار دی۔
تصادم کے باعث ایم وی این آئی ڈبلیو اے کے اگلے حصے (بو) کو نقصان پہنچا جبکہ ایم وی پاپو سے ایک کنٹینر سمندر میں جا گرا۔حادثے کے بعد کراچی پورٹ ٹرسٹ کے پائلٹس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ جہاز ایم وی این آئی ڈبلیو اے کو بحفاظت برتھ نمبر 5 پر منتقل کر دیا، جبکہ ایم وی پاپو اس وقت آؤٹر اینکریج پر موجود ہے۔
پورٹ ذرائع کے مطابق ٹکر مارنے والے بحری جہاز ایم وی پاپو کو پاکستان کی سمندری حدود میں روک لیا گیا ہے اور چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ کی زیر صدارت واقعے سے متعلق اہم اجلاس جاری ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ جہاز کو پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے، جس کے بعد ذمہ دار جہاز کے مالکان سے ہرجانہ وصول کیا جائے گا۔
حکام نے تصدیق کی ہے کہ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں