کوہاٹ:(روزنامہ جرأت) تحصیل لاچی کے علاقے مالگین میں طوفانی بارش سے مکان کی چھت گرنے سے 15 افراد ملبے تلے دب گئے جس میں 13 افراد جان کی بازی ہار گئے۔تفصیلات کے مطابق گھر میں نومولود بچے کی پیدائش کی خوشی تھی اور خاندان کی خواتین ایک کمرے میں جمع تھیں کہ شدید بارش کے دوران اچانک مکان کی چھت اور دیواریں منہدم ہوگئیں، جس کے نتیجے میں گھر میں موجود افراد ملبے تلے دب گئے اور دیکھتے ہی دیکھتے خوشیوں بھرا گھر ماتم کدے میں تبدیل ہوگیا۔
اس المناک سانحے میں نومولود بچہ، اس کی والدہ اور دادی سمیت 13 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 12 افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں خواتین اور بچیاں بھی شامل ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا جبکہ بعض شدید زخمیوں کو مزید علاج کے لیے پشاور منتقل کردیا گیا۔
سانحہ مالگین کے بعد کوہاٹ اور لاچی کے تمام چھوٹے بڑے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ زخمیوں کی بڑی تعداد ہسپتال پہنچنے کے باعث خون کی شدید قلت پیدا ہوگئی اور خون ناپید ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں۔ریسکیو1122 کے مطابق زخمیوں میں خواتین اور بچوں کی تعداد زیادہ ہے، جاں بحق افراد میں 50 سالہ بسمینہ، 45 سالہ نواب جانہ، 45 سالہ فرمینہ اور 6 سالہ ارحم شامل ہیں۔زخمی افراد میں صفی اللہ عمر 30 سال، نبیلہ عمر 25 سال، شاردہ ناز عمر 30 سال، سیف اللہ عمر 3 سال، رویزہ عمر 4 سال، گل مرجانہ عمر 50 سال، سکینہ عمر 60 سال، جاویدہ عمر 30 سال، ادیبہ عمر 3 سال، شیرینہ عمر 20 سال اور رخسانہ بی بی عمر 56 سال شامل ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے وقت مکان میں تقریب جاری تھی۔دوسری جانب اٹک میں بھی بارش سے دیوار گر گئی جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے میں بارش کے بعد برساتی ندیوں میں طغیانی آگئی۔ بارش کے باعث ملتان، ڈی جی خان اور مظفرگڑھ کے متعدد علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی۔




