اسلام آباد: ایف بی آر اور فنانشل مانیٹرنگ یونٹ (ایف ایم یو) کے درمیان غیر قانونی فنانسنگ و ٹیکس چوری کی روک تھام کے لیے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔
چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ نے مالیاتی انٹیلی جنس برائے ٹیکس چوری پر مشترکہ ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو اور ایف ایم یو کو تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور غیر قانونی مالیات سے نمٹنے کے متفقہ ہدف کو حاصل کرنے کے لیے اس شراکت داری کو مزید بڑھانے پر زور دیا۔ انھوں نے برٹش ہائی کمیشن کے مسٹر لیوس ایونز کا بھی شکریہ ادا کیا جنھوں نے تقریب میں مدد فراہم کی۔
ایف ایم یو کی ڈائریکٹر جنرل لبنیٰ فاروق نے ٹیکس چوری سے نمٹنے کیلیے معلومات کی بنیاد کو بڑھانے اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے کیلیے ایف بی آر اور ایف ایم یو کے درمیان پائیدار ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔