سندھ میں قیدیوں کی آن لائن پیشی کیلیے جیلوں میں ویڈیو لنک سسٹم کا آغاز

کراچی: سندھ میں قیدیوں کی آن لائن پیشی کے لیے جیلوں میں ویڈیو لنک سسٹم کا آغاز کردیا گیا۔

صوبے میں عدالتی تاریخ کا اہم اقدام کرلیا گیا، جس سے قیدیوں کی پیشی کا بڑا مسئلہ حل ہوگیا۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی نے جیل میں ویڈیو لنک سسٹم کا افتتاح کردیا۔

سندھ ہائی کورٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی کی عدالتی نظام میں اصلاحات سے متعلق جیلوں سے قیدیوں کے لیے ویڈیو لنک کا نظام متعارف کروادیا گیا۔ انہوں نے جیل میں ویڈیو لنک سسٹم کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو بھی موجود تھے۔
ویڈیو لنک نظام کے بعد جیلوں سے اب قیدیوں کی ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیشی ہوگی، جس سے مقدمات جلد نمٹائے جا سکیں گے۔ قیدیوں کی ویڈیو لنک پیشی سے ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات کی بھی بچت ہوگی۔

جیلوں سے قیدیوں کو عدالت میں پیش کرنے سے پیدا ہونے والے سکیورٹی مسائل بھی حل ہو جائیں گے۔ ویڈیو لنک کے ذریعے مقدمات میں پیشی کا نظام صوبے بھر میں لایا جائے گا۔ عدالتی فیصلوں کی تصدیق شدہ نقول کے حصول کے لیے بھی ون ونڈو نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس سے وکلا اور سائلین کو فائدہ ہوگا۔

اعلامیے کے مطابق بطور ضمانت جمع کروائے گئے پراپرٹی کے کاغذات کی فوری اور جلد تصدیق کے لیے بورڈ آف ریونیو سے مل کر کام کیا جائے گا تاکہ وکلا اور سائلین کو تصدیق کے عمل میں حائل رکاوٹیں دور کی جاسکیں۔

سندھ ہائیکورٹ کے ان اقدامات کا مقصد سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں