راولپنڈی میں قائم سینٹرل جیل اڈیالہ کی انتظامیہ کو تین دن کے اندر نشانہ بنانے کی دھمکی آمیز کال موصول ہوئی ہے جس کے بعد انتظامیہ نے پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو آگاہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق جیل انتظامیہ کو نامعلوم نمبر سے دھمکی آمیز کال موصول ہوئی، جس میں نامعلوم کالر نے آئندہ تین روز میں حملے کی دھمکی دی ہے۔
جیل انتظامیہ کال موصول ہونے کے بعد راولپنڈی پولیس کوآگاہ کر دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ دھمکی آمیز کال اڈیالہ جیل کےآفیشل نمبر پر کی گئی، جس کے بعد جیل سپرٹنڈنٹ کی جانب سے دھمکی آمیز فون کال کے متعلق اطلاع دی گئی۔
سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ دھمکی آمیز کال کے بعد سینٹرل جیل اڈیالہ کی سیکورٹی کو ریڈ الرٹ کردیاگیا ہے جبکہ جیل کے گرد نواح میں سیکورٹی کو بڑھا کر 8 مقامات پر ناکے قائم کردیے گئے ہیں اور ایلیٹ فورس کے 5 سیکشن بھی مسلسل پیٹرولنگ پر ہیں۔
واضح رہے کہ سینٹرل جیل اڈیالہ میں بانی پی ٹی آئی، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ،سابق وزرا شیخ رشید ،فواد چودھری اور سابق وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی بھی اسیر ہیں۔