اسلام آباد: سانحہ 9 مئی سے متعلق کیسز کے ٹرائلز اب جیل میں ہوں گے، اس حوالے سے عمران خان سمیت 367 ملزمان کو اڈیالہ جیل طلب کرلیا گیا ہے۔
ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ سمیت سانحہ 9 مئی سے متعلق مقدمات کے جیل ٹرائل (جیل میں سماعت) کے نوٹی فکیشنز جاری کردیے گئے ہیں، اور ملزمان کو اڈیالہ جیل طلب کیا گیا ہے۔
مقدمات کے سلسلے میں صداقت عباسی،عمر تنویر بٹ اور واثق قیوم عباسی وعدہ معاف گواہ بن گئے، جنہوں نے 164 کے بیان ریکارڈ کرا دیے ہیں جب کہ شیخ رشید احمد کے جوڈیشل ریمانڈ میں 6 فروری تک توسیع کردی گئی ہے۔
جیل ٹرائل کے سلسلے میں 6 فروری سے سانحہ 9مئی کے تمام ملزمان کو اڈیالہ جیل آنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ،سابق وزیر خارجہ اور وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کے خلاف بھی 9 مئی کیسز سماعت جیل ہی میں ہوگی۔ اس حوالے سے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران کو بھی جیل ٹرائل کے نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں۔ 6 فروری کو ملزمان میں مقدمات کی فرد جرم کے لیے نقول تقسیم کی جائیں گی۔
سانحہ 9 مئی سے متعلق 12 مقدمات کے تمام 367 ملزمان کو 6 فروری سے اڈیالہ جیل طلب کیا گیا ہے، جہاں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف سماعت کریں گے۔