اسلام آباد: پاک سعودی بزنس ٹو بزنس روابط بڑھانے پر اتفاق ہو گیا۔
نگران وزیر تجارت وداخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی جس میں پاک سعودی بزنس ٹو بزنس روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان میں اسٹیل اور پیٹرو کیمیکل کے شعبوں میں مواقع سے سعودی سرمایہ کار فائدہ اٹھا سکتے ہیں، قدرتی حسن سے مالامال شمالی علاقہ جات میں لگژری ریزورٹس میں سرمایہ کاری دونوں ممالک کیلیے سود مند ثابت ہو سکتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں نے شعبہ آئی ٹی میں تعاون بڑھانے کیلیے متعدد اقدامات کیے ہیں ، پاک سعودی بزنس ٹو بزنس روابط میں فروغ کیلیے 10بڑے صنعتکاروں کا وفد آئندہ ماہ ان کی قیادت میں سعودی عرب کا دورہ کرے گا ۔ ملکی اشیاء کی مارکیٹنگ کیلیے عالمی سطح پر ’’برانڈ پاکستان‘‘ اسٹورز قائم کرنے پر کام کر رہے ہیں۔
بعدازاں انھوں نے فیڈریشن آف چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو میں انھوں نے کہا کہ اسلام آباد5 ارب ڈالر کی برآمدات کی صلاحیت رکھتا ہے ۔