قومی ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ کے شیڈول کا اعلان ہوگیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورۂ جنوبی افریقہ کے شیڈول کا اعلان کردیا۔

دورہ جنوبی افریقا کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم 2 ٹیسٹ 3 ون ڈے اور 3 ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔

ڈربن، سنچورین اور جوہانسبرگ 10 سے 14 دسمبر تک ٹی20 انٹرنیشنل میچوں کی میزبانی کریں گے، ون ڈے میچز 17 سے 22 دسمبر تک کیپ ٹاؤن اور جوہانسبرگ میں کھیلے جائیں گے جبکہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023-25کے 2 ٹیسٹ میچز سنچورین (26 تا 30 دسمبر) اور کیپ ٹاؤن (3 تا 7جنوری) میں ہوں گے۔

قومی ٹیم 19 نومبر کو آسٹریلیا سے واپسی کے بعد 2 دسمبر کو ڈربن کے لیے روانہ ہوگی۔ آسٹریلیا میں پاکستان ٹیم کو 4 سے 18 نومبر تک 3 ون ڈے اور 3 ٹی20 میچز کی سیریز کھیلنی ہے۔

8 جنوری کو اپنا افریقن ٹور مکمل کرنے کے بعد قومی ٹیم ہوم گراؤنڈ میں 3 ملکی ون ڈے سیریز میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کا مقابلہ کرے گی جس کے بعد پاکستان میں 8 ٹیموں کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 ہوگی۔

آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے دوروں سے قبل پاکستان، بنگلہ دیش اور انگلینڈ کی بالترتیب 2 اور 3 ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کرے گا اس کا مطلب ہے کہ وہ اگست 2024 سے جنوری 2025 تک 6 ماہ کے عرصے میں 7 ٹیسٹ، 10 ون ڈے اور 6 ٹی20 میچز کھیلے گا۔

یہ پاکستان کا 1994-95 کے بعد جنوبی افریقہ کا ساتواں ٹیسٹ دورہ ہوگا، پاکستان نے وہاں 2 ٹیسٹ میچ جیتے ہیں۔ پہلا ٹیسٹ ڈربن میں 1997-98 میں اس نے 29 رنز سے جیتا تھا۔ دوسری مرتبہ ٹیسٹ جنوری 2007 میں سینٹ جارج پارک پورٹ الزبتھ میں جیتا تھا جس میں انضمام الحق پہلی اننگز میں 92 رنز ناٹ آؤٹ بنانے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔

مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈکپ؛ کس ٹیم کی مضبوط بیٹنگ لائن اَپ ہے؟ وان نے بتادیا

ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان نے آخری 3 میں سے 2 سیریز 2013-14 اور 2020-21 میں جیتی ہیں جبکہ جنوبی افریقہ نے 2002-03 (4-1)، 2006-07 (3-1)، 2012-13 (3-2) اور 2018-19 (3-2) میں کامیابی حاصل کی تھی۔

ٹور شیڈول۔

10 دسمبر۔ پہلا ٹی20 انٹرنیشنل۔ ڈربن ۔

13 دسمبر – دوسرا ٹی20 انٹرنیشنل سنچورین

14 دسمبر ۔تیسرا ٹی20 انٹرنیشنل۔ جوہانسبرگ

17 دسمبر – پہلا ون ڈے انٹرنیشنل ۔ پارل

19 دسمبر – دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل۔ کیپ ٹاؤن

22 دسمبر ۔ تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل۔ جوہانسبرگ

26 تا 30 دسمبر – پہلا ٹیسٹ ۔ سنچورین

3 تا 7 جنوری – دوسرا ٹیسٹ ۔ کیپ ٹاؤن

اپنا تبصرہ بھیجیں