ڈھاکا: بھارت کی بارڈ سیکیورٹی فورس نے چوکی سے سرحد پار فائرنگ کرکے دو بنگلادیشی نوجوانوں کو قتل کردیا اور لاشیں بھی ساتھ لے گئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے بنگلادیشی نوجوانوں کی شناخت 24 سالہ جلیل اور 23 سالہ یاسین کے نام سے ہوئی۔
بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے اہلکار دونوں نوجوانوں کی لاشیں اپنے ہمراہ لے گئے۔ بنگلادیشی سرحدی فوج کے انچارج نے اپنے ہم منصب سے رابطے کرکے واقعے پر شدید احتجاج اور لاشوں کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ واقعہ بنگلادیش کے ضلع پنچھا گڑھ کے علاقے تیتولیا میں پیش آیا۔ یہ گاؤں بھارت کی سرحد کے نزدیک ہی ہے اور یہاں کے مکینوں کا روزگار کھیتی باڑی اور مویشیوں کی فروخت ہیں۔
یہ مویشی گھاس پھوس چرتے چرتے غلطی سے سرحد پار کرجاتے ہیں جنھیں پکڑ کر واپس لانے کے لیے جانے والے دیہاتی، بھارتی فوج کی گولیوں کا نشانہ بن جاتے ہیں۔
دوسری جانب بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کا دعویٰ ہے کہ بنگلادیش کے ان علاقوں سے سے غیر قانونی طور پر مویشیوں کو فروخت کے لیے بارڈر اس پار لایا جاتا ہے۔ یہ اسمگلر ہوتے ہیں۔
یاد رہے کہ رواں برس میں اب تک 8 سے زائد بنگلادیشی دیہاتی سرحد پر بھارتی فوج کی گولیوں سے ہلاک ہوچکے ہیں جس پر وزیراعظم حسینہ واجد نے بھارتی ہم منصب سے بات بھی کی تھی لیکن ایسے واقعات تھم نہ سکے۔