اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) نے غربت کے خاتمے کے پروگرامز میں توسیع کا مطالبہ کردیا۔
پاکستان اور آئی ایم ایف جائزہ مشن کے درمیان نئے قرض پروگرام کیلئے آج چوتھے روز بھی مذاکرات ہوئے۔ آئی ایم ایف نے غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ کے پروگرامز کو مزید توسیع دینے کا مطالبہ کیا۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام( بی آئی ایس پی) کی کوریج میں اضافے اور شفافیت یقینی بنانے اور انتظامی استعداد کار میں بہتری لانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جتنا ممکن ہوسکے کیش ٹرانسفر پروگراموں کے بجٹ میں اضافہ کیا جائے۔
حکام نے آئی ایم ایف مشن کو بریفنگ میں بتایا کہ رواں سال بی آئی ایس پی پر 472 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔ بی آئی ایس پی مستحقیقن کو مستقبل میں بجلی ٹیرف پر کیش ٹرانسفر پروگرام کے ذریعے تحفظ دیا جائےگا۔ ستمبر 2024 تک 2 کروڑ گھرانوں کو مکمل طور پر فعال متحرک رجسٹری میں شامل کرنے کا ہدف ہے۔
حکام کا مزید کہنا تھا کہ بہ آئی ایس پی سے فائدہ اٹھانے والوں کی تعداد 93 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ رواں سال کفالت پروگرام میں مزید 3 لاکھ خاندانوں کو شامل کیا گیا ہے۔ ہیلتھ کیش ٹرانسفر پروگرام میں 9 لاکھ خاندانوں کو رجسٹرڈ کیا گیا ہے۔ ایجوکیشن کیش ٹرانسفر پروگرام پروگرام میں 19 لاکھ بچوں کو شامل کیا گیا ہے۔ اگلے مالی سال سماجی تحفظ کے پروگرامز کے لیے مزید فنڈز مختص کیے جائیں گے۔