لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ وہ وقت دُور نہیں جب پولیس پر لگے دھبے ہم دھوئیں گے اور لوگ سکون سے سوئیں گے۔
ایلیٹ پولیس ٹریننگ سینٹر میں پاسنگ آؤٹپریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ ایلیٹ فورس کے یونیفارم میں پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کر کے جتنی خوشی آپ کو ہو رہی ہے اتنی ہی خوشی مجھے ہو رہی ہے۔ یہ انتہائی مشکل 6 ماہ کی ٹریننگ تھی، 800 بچے کامیاب ہوئے جن میں 70 خواتین بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پریڈ کے معائنے کے دوران آپ کے چہرے پر پاکستانیت دیکھ کر مجھے بطور وزیراعلیٰ انتہائی حوصلہ ملا۔ ایلیٹ فورس نواز شریف اور شہباز شریف کا لگایا ہوا پودا ہے جس میں ابھی تک 17 ہزار نوجوان ٹرینڈ ہوئے۔ آپ سے اظہار یکجہتی کے لیے میں ایلیٹ فورس کا یونیفارم پہن کرآئی ہوں۔ آپ لوگ قوم کے ان چند خوش قسمت بیٹوں اور بیٹیوں میں سے ہیں جن کو یہ وردی پہننا نصیب ہوئی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ایلیٹ فورس کی پاس آؤٹ ہونے والی خواتین کو خصوصی طور پر شاباش دیتی ہوں۔ سی ایم ہاؤ س کی طرف سے پاس آؤٹ ہونے والوں کے لیے خصوصی کیش پرائز بھجواؤں گی۔ پاس آؤٹ ہونے والی خواتین کے والدین کومبارکباد دیتی ہوں جنہوں نے اپنی بچیوں پر اعتماد کیا اور انہیں ملک کی خدمت کے لیے وقف کیا۔ جب یہ بچیاں قوم کے بیٹوں کے ہمراہ شانہ بشانہ اپنے فرائض ادا کریں گی تو قوم کو ان پر فخر ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ شہید کو دیکھتی ہوں تو سوچتی ہوں کہ یہ شہادت کا کیا جذبہ ہے جس کے لیے لوگ اپنے بیٹوں کو مٹی پر قربان کرنے کے لیے پیش کرتے ہیں۔ شہادت کے اس جذبے کو ہم سلام کرتے ہیں۔ ایلیٹ فورس کے 85 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، تمام فورسز کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب بہت متحرک آفیسر ہیں۔ جو تبدیلیاں آئی جی پنجاب پولیس میں لارہے ہیں ان کی حوصلہ افزائی کرتی ہوں۔ پولیس فورس کے پیچھے کھڑی ہوں، جو سہولیات اور ٹیکنالوجی چاہیے مہیا کریں گے۔ پولیس کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ پنجاب کی سرحد پر پولیس چوکیوں پر حملے ہو رہے ہیں جنہیں پولیس کے جوان بہادری سے روک رہے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ آئی جی پنجاب کو جدید سکیورٹی آلات حاصل کرنے کاکہا ہے۔ میرے لیے ہر بیٹے اور بیٹی کی جان انتہائی قیمتی ہے۔ دہشت گردوں سے مقابلے کے لیے 8 جدید ترین تھرمل امیجنگ کیمرے مہیا کیے ہیں۔ جب گھر سے نکلتی ہوں تو اپنے کندھوں پر ذمے داری کا احساس ہوتا ہے۔ جو وعدے آپ نے پاکستان کی عوام کے ساتھ کیے ہیں وہ نبھانے ہیں۔ جب آپ کو مشکل پیش آئے تو اپنے حلف کے الفاظ کو یاد کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کے فورس میں شامل ہونے سے مجھے تبدیلی نظر آنی چاہیے۔ جب آپ کے پاس کوئی مظلوم آئے تو آپ نے اس کی دادرسی کرنی ہے اور انصاف کے ساتھ کھڑے ہونا ہے۔ وہ وقت دور نہیں ہے جب پولیس پہ لگے ہوئے دھبے ہم دھوئیں گے اور لوگ سکون سے اپنے گھروں میں سوئیں گے۔
قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو ایلیٹ کمانڈوز کی حمزہ کمپنی اور عائشہ کمپنی نے جنرل سلامی پیش کی۔ اس موقع پر پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس نے پروفیشنل ٹریننگ کے مظاہرے پیش کیے۔ فی میل کمانڈوز نے سیٹ ، ہیلی ریپلنگ بلڈنگ کراسنگ ،لیزرڈ کرال فیس ڈاؤن ریپلنگ، اسٹریٹ کراسنگ کے مظاہرے کیے۔ ایلیٹ کمانڈوز نےبلند ٹاور سے زخمیوں اور سامان اتارنے کے مظاہرے کیے۔
تقریب میں فی میل کمانڈواسالٹ ٹیم نے اسموک اسکرین کے ساتھ موونگ فائر کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے فی میل کمانڈوز کی پیشہ ورانہ قابلیت کو سراہا ۔انہوں نے ٹریننگ میں اعلیٰ کارکردگی پر کمانڈوز کوانعامات بھی دیے اور بہترین کارکردگی پر کیش انعامات کا بھی اعلان کیا ۔
تقریب میں ایلیٹ کمانڈوز سے ٹریننگ مکمل کرنے پر حلف بھی لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایلیٹ پولیس کے جدید اسلحہ کا بھی معائنہ کیا۔