پشاور؛ لوڈشیڈنگ کیخلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے، موٹر وے بند

پشاور: لوڈشیڈنگ کے ستائے شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا۔ مشتعل افراد احتجاج کرتے سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے موٹر وے بند کرادیا۔
زرائع کے مطابق پشاور میں اکبر پورہ اور قریبی دیہات کے لوگوں نے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے پشاور ایم ون سے چارسدہ تک موٹر وے کو بند کردیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ اکبر پورہ اور ملحقہ علاقوں میں 12 سے 16 گھنٹے کی طویل لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔
مظاہرین نے کہا کہ جب تک غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کم کرنے کی یقین دہانی نہ کرائی گئی احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا۔

بعد ازاں حکام نے احتجاج کرنے والوں کے ساتھ مذاکرات کیے۔ مظاہرین نے بتایا کہ ہمارے نمائندہ 8 افراد ناگمان گرڈ اسٹیشن میں مذاکرات کے لیے گئے ہیں۔ پولیس کی یقین دہانی پر عارضی طور پر موٹروے کے دونوں ٹریک کھول دیے گئے ہیں، ہم انتظار کررہے ہیں، اگر بجلی بحال نہ کی گئی تو دوبارہ موٹروے بند کردیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں