پشاور: سیکیورٹی فورسز کے پشاور کے نزدیک آپریشن میں دو دہشت گرد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 30 اور 31 مئی کی درمیانی رات سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع پشاور کے جنرل علاقے حسن خیل میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا موثر انداز میں نشانہ بنایا، فائرنگ کے نتیجے میں دہشت گردوں کے سرغنہ ایاز المعروف محمد اور دہشت گرد احمدی کوچی کو جہنم واصل کر دیا گیا جب کہ دو دیگر دہشت گرد زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اہل علاقہ نے آپریشن کو سراہا، علاقے میں پائے جانے والے کسی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے علاقے میں آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔