پی آئی اے میں جعلی دستاویزات پر 17 برس تک ملازمت کرنے والا ملزم گرفتار

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے)کے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) میں ملازمت حاصل کرکے 17 برس تک ڈیوٹی سرانجام دینے والے ملزم کو ضمانت منسوخی کے بعد گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے نے بتایا کہ اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد نے ملزم محمد رؤف کی ضمانت قبل از گرفتاری منسوخ کی تھی جس کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ گرفتار ملزم نے جعلی دستاویزات کے تحت 2003 میں پی آئی اے میں بطور کارگو اسسٹنٹ ملازمت حاصل کی تھی اور اس وقت انہوں نے بھرتی ہونے کے لیے بی اے کی جعلی ڈگری جمع کروائی تھی.
ایف آئی اے نےکہا کہ ملزم 17 سال تک پی آئی اے میں ڈیوٹی سرانجام دیتا رہا تاہم جعلی ڈگری کی بنیاد پر انہیں 2020 میں نوکری سے برطرف کر دیا گیا تھا۔

جعلی ڈگری کی بنیاد پر تنخواہوں کی مد میں قومی خزانے کو 41 لاکھ 42 ہزار روپے کا نقصان اٹھانا پڑا جبکہ ایف آئی اے نے ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں