لاہور: جوڈیشل مجسٹریٹ نبیلہ عامر نے رائٹراور ڈرامہ نگار خلیل الرحمن ہنی ٹریپ کیس میں ملزمہ آمنہ عروج کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
آرگنائزڈ کرائم یونٹ نے خلیل الرحمن ہنی ٹریپ کیس میں ملزمہ آمنہ عروج اور اس کی بہن کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا۔ پولیس نے ملزمہ کی بہن کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا۔
تفتیشی افسر نے ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ملزمہ سے مال مقدمہ کی اشیاء ریکور کرنا مطلوب ہے
عدالت نے ملزمہ آمنہ عروج کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرکے دیگر گیارہ ملزمان کو شناخت پریڈ پر جیل بھیج دیا۔
خلیل الرحمان قمر کے اغواء میں ملوث 12 ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔ گرفتار ملزمان میں آمنہ عروج، ممنون حیدر، ذیشان قیوم، جاوید اقبال، تنویر احمد، فلک شیر، قیصرعباس، رشید احمد، میاں خان، بابرعلی، شمائل بی بی اور مریم شہزادی شامل ہیں
آمنہ نامی خاتون نے خلیل الرحمان قمر کو فون کرکے اپنے گھر بلایا تھا کہ وہ ڈرامہ بنانا چاہتی ہیں اور جب وہ خاتون کے گھر پہنچے تو مسلح افراد نے واردات کی اور اُنہیں اغواء کرلیا۔
خلیل الرحمان قمر نے اغوا کاروں کو بھاری رقم دی جس کے بعد اُنہیں چھوڑ دیا گیا۔ سندر پولیس نے واقعے کا مقدمہ خلیل الرحمان کے بیان پر درج کرلیا جس میں کہا گیا کہ ملزمان خلیل الرحمان قمر پر تشدد کرتے رہے اور اُنہیں مختلف جگہوں پر گھوماتے رہے۔ خلیل الرحمان نے کہا کہ ملزمان نے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے رشتے داروں سے پیسے منگوانے کا کہا۔ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے خلیل الرحمان قمر سے موبائل، گھڑی، نقدی چھینی اور اے ٹی ایم کارڈ سے اڑھائی لاکھ روپے بھی ٹرانسفر کیے۔ ڈرامہ نگار کا ایف آئی آر میں مزید کہنا تھا کہ ملزمان آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر ویران جگہ پر چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے.