‘برزخ’ کے انتخاب پر فواد خان اور صنم سعید کے بائیکاٹ کا مطالبہ

پاکستان سمیت بھارت میں یکساں مقبولیت رکھنے والی ٹی وی اسکرین کی مقبول جوڑی فواد خان اور صنم سعید کو ہم جنس پرستی کو فروغ دیتی ویب سیریز ‘برزخ’ میں کام کرنا مہنگا پڑگیا۔
فواد خان اور صنم سعید نے ویب سیریز ‘برزخ’ کے ذریعے 12 سال بعد ایک ساتھ ٹی وی اسکرین پر واپسی کی ہے، اس سیریز میں دونوں اداکاروں نے سوتیلے بہن بھائی کا کردار ادا کیا ہے۔

پاکستانی ہدایتکار عاصم عباسی کی تحریر کردہ اور بنائی گئی ویب سیریز ‘برزخ’ کو بھارتی پروڈیوسرز نے پروڈیوس کیا ہے اور اس سیریز کو بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو کے لیے ہی بنایا گیا ہے۔

19 جولائی کو بھارتی یوٹیوب چینل ‘زندگی’ اور ‘زی فائیو’ پر ریلیز ہونے والی سیریز ‘برزخ’ کی پہلی اور دوسری قسط نے جہاں پاکستانی اور بھارتی مداحوں کے دل جیتے تو وہیں سریز کی تیسری قسط دیکھ کر پاکستانی مداح غصے سے بھڑک اُٹھے۔

دراصل! ‘برزخ’ کی تیسری قسط میں دو مرد کرداروں کے درمیان رومانوی مناظر اور رغبت دکھائی گئی تھی، اس کے علاوہ سیریز میں فحاشی، زنا اور بچوں کی ذہنی سازی بھی دکھائی گئی ہے۔

سیریز کی تیسری قسط سے بھارتی مداحوں کو تو کوئی مسئلہ نہیں لیکن پاکستانی مداح سوشل میڈیا پر ‘برزخ’ کی کہانی، میکرز اور کاسٹ پر سخت تنقید کررہے ہیں۔

مداحوں کا کہنا ہے کہ ‘برزخ’ میں اسلامی احکامات کی خلاف ورزی کی گئی ہے اور ہدایتکار عاصم عباسی سیریز کے ذریعے ہم جنس پرستی کو فروغ دے رہے ہیں۔

پاکستانی مداحوں نے جہاں ‘برزخ’ کے ہدایتکار پر تنقید کی تو وہیں مداحوں نے سیریز کے میگا اسٹارز فواد خان اور صنم سعید کے خلاف بھی بائیکاٹ مہم کا آغاز کردیا ہے۔
مداحوں کا کہنا ہے کہ فواد خان نے پہلے بالی ووڈ فلم ‘کپور اینڈ سنز’ میں ہم جنس پرست شخص کا کردار ادا کیا تھا اور اب وہ اور صنم سعید ایک ایسے پراجیکٹ میں کام کررہے ہیں جس میں کُھلے عام ہم جنس پرستی، زنا اور فحاشی کو فروغ دیا جارہا ہے۔

اس بائیکاٹ مہم میں مداح سیریز ‘برزخ’، فواد خان اور صنم سعید کے بائیکاٹ کا اعلان کررہے ہیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں