اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع ہوگیا، جس میں اہم امور زیر غور ہیں۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اسرائیل کے خلاف مذمتی قرارداد سمیت دیگر اہم امور پر غور ہوگا۔ کابینہ اجلاس 10 نکاتی ایجنڈے پر مشتمل ہے، جس میں چین اور پاکستان کے مابین تجارت بڑھانے سے متعلق مفاہمتی یاداشت پیش ہوگی۔
اجلاس میں نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویج چارٹر کے دوبارہ نفاذکی منظوری دی جائےگی، مجوزہ کنگ حمادیونیورسٹی آف نرسنگ اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل سائنسز بل پیش ہوگا۔ اس کے علاوہ نجکاری بورڈ کے ارکان کی تعداد میں اضافے کی سمری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
وزیراعظم کی صدارت میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی بھی پیش ہوگی۔ سال 2021-22 اور سال 2022-23 میں فیڈریشن سے متعلق پالیسیز پر عملدرآمد رپورٹ پیش ہوگی جب کہ ریاستی انٹرپرائزیز سے متعلق کابینہ کمیٹی کے 22 جولائی کے فیصلوں کی توثیق ایجنڈے میں شامل ہے۔ کابینہ میں ریاستی ملکیتی انٹرپرائیزیز پر بریفنگ بھی دی جائے گی.