وزیراعظم کی زیرِصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، مظلوم فلسطینیوں کیساتھ اظہار یکجہتی

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں اہم امور زیر غور آئے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلاس میں مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ واشگاف الفاظ میں اظہار یکجہتی کیا۔ اجلاس میں 10 نکات پر مشتمل ایجنڈا جزوی طور پر منظور کرلیا گیا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اسرائیل کے خلاف مذمتی قرارداد سمیت دیگر اہم امور پر غور کیا گیا۔ 10 نکات پر مشتمل ایجنڈے میں چین اور پاکستان کے مابین تجارت بڑھانے سے متعلق مفاہمتی یاداشت پیش کی گئی۔

اجلاس میں زیر غور آنے والے دیگر امور میں نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویج چارٹر کے دوبارہ نفاذکی منظوری، مجوزہ کنگ حمادیونیورسٹی آف نرسنگ اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل سائنسز بل، نجکاری بورڈ کے ارکان کی تعداد میں اضافے کی سمری شامل تھے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم کی صدارت میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی کے علاوہ 2021-22 اور 2022-23 میں فیڈریشن سے متعلق پالیسیز پر عملدرآمد رپورٹ پیش کی گئی جب کہ ریاستی انٹرپرائزیز سے متعلق کابینہ کمیٹی کے 22 جولائی کے فیصلوں کی توثیق بھی ایجنڈے کا حصہ تھی۔ کابینہ میں ریاستی ملکیتی انٹرپرائیزیز پر بریفنگ بھی دی گئی.

اپنا تبصرہ بھیجیں