اسلام آباد: 190 ملین پاؤنڈز کیس میں عمران خان کے وکیل کی عدم پیشی کی وجہ سے سماعت ملتوی کردی گئی۔
احتساب عدالت اسلام آباد میں نئے تعینات ہونے والے جج ناصر جاوید رانا کے روبرو بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوئی، جس میں ریفرنس کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم کے بیان پر جرح نہیں ہو سکی۔
دورانِ سماعت بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل نے عدالت کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل ظہیر عباسی چوہدری مصروفیت کے باعث دستیاب نہیں۔ وکیل دستیاب ہوں گے تو تفتیشی افسر پر جرح کریں گے۔
اس موقع پربانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جب کہ نیب کے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی بھی ٹیم کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کے وکلا نے ان کی بیٹوں سے فون پر بات کرنے سے متعلق درخواست دائر کی، جس پر عدالت نے جیل انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی۔
بعد ازاں عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت 7 اگست تک ملتوی کردی