ڈالر کمانے کی خاطر اپنا ایمان مت بیچیں، مشی خان بھی ‘برزخ’ کے میکرز پر برہم

ماضی کی معروف پاکستانی اداکارہ و میزبان مشی خان بھی فواد خان اور صنم سعید کی متنازع ویب سیریز ‘برزخ’ کے خلاف بول پڑیں۔
مشی خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر جاری کی گئی اپنی ویڈیو میں کہا کہ ‘برزخ’ نام سُن کر لگا تھا کہ ہمیں بہت ہی اچھا ڈرامہ دیکھنے کو ملے گا لیکن افسوس اور بدقسمتی سے اس ڈرامے میں تو عجیب ہی چیزیں دکھائی گئی ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ ‘برزخ’ کے میکرز کہہ رہے ہیں کہ یہ انٹرنیشل مارکیٹ کے لیے بنا گیا ہے تو میں ان سے پوچھنا چاہتی ہوں کہ کونسے انٹرنیشنل ناظرین؟ اُردو زبان میں بنایا گیا ڈرامہ پاکستان اور بھارت میں ہی دیکھا جائے گا، کیا امریکا، یورپ اور افریقا کے لوگ یہ ڈرامہ دیکھیں گے؟

اُنہوں نے کہا کہ پاکستانی رائٹر و ہدایتکار ہو کر آپ ہم جنس پرستی اور فحاشی دکھا رہے ہیں، یہ انتہائی شرمناک ہے، آپ کا اپنے ڈرامے میں ایسی بیہودہ چیزیں دکھانے کا مقصد کیا ہے؟ اور آپ کُھلے عام اپنی غلطی کا دفاع بھی کررہے ہیں، آپ کہہ رہے ہیں جس نے ‘برزخ’ دیکھنا ہے وہ دیکھے اور جسے مسئلہ ہے وہ نہ دیکھے۔
مشی خان نے کہا کہ آپ نے ‘برزخ’ نام رکھ کر اس ڈرامے میں جو بکواس دکھائی ہے، اُس کے لیے آپ کو شرم آنی چاہیے، آپ کونسے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں، اس طرح کے ڈرامے بناکر بچوں کی ذہنیت اور فیملی سسٹم کو برباد نہ کریں۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ آپ اپنی ترجیحات کمرے کی چار دیواری تک رکھیں، ایسا مواد بناکر نئی نسل کو گمراہ کرنے کی کوشش نہ کریں، ڈالر کمانے کی خاطر اپنا ایمان مت بیچیں، خود کو شیطان کے ہاتھوں فروخت نہ کریں۔
واضح رہے کہ پاکستانی ہدایتکار عاصم عباسی کی تحریر کردہ اور بنائی گئی ویب سیریز ‘برزخ’ کو بھارتی پروڈیوسرز نے پروڈیوس کیا ہے اور اس سیریز کو بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو کے لیے ہی بنایا گیا ہے۔

‘برزخ’ میں فواد خان اور صنم سعید نے سوتیلے بہن بھائی کا کردار ادا کیا ہے، 19 جولائی کو بھارتی یوٹیوب چینل ‘زندگی’ اور ‘زی فائیو’ پر ریلیز ہونے والی سیریز ‘برزخ’ کی تیسری قسط میں دو مرد کرداروں کے درمیان رومانوی مناظر اور رغبت دکھائی گئی تھی۔
اس کے علاوہ سیریز میں فحاشی، زنا اور بچوں کی ذہنی سازی بھی دکھائی گئی ہے جس کے بعد سیریز پر پابندی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں