اسلام آباد: وزیراعظم آزاد کشمیر نے وفاقی وزیر داخلہ سے ملاقات کی، جس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
چوہدری انوار الحق نے محسن نقوی کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور اور ملک میں امن و امان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر اور وفاقی وزیر داخلہ نے یوم استحصال کشمیر پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کااظہار کرتے ہوئے بھارت کے 5اگست 2019ء کے غیر قانونی اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے آرٹیکل 370 اور 35 (A) کا خاتمہ کرکے کشمیریوں کا بدترین استحصال کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 5 سال سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو اور دفعہ 144 نافذ ہے۔ 5 سال میں کئی ہزار بے گناہ کشمیری شہید ہوچکے ہیں، جن میں بچے، بوڑھے اور خواتین شامل ہیں۔ آج پوری قوم پُرعزم انداز میں یوم استحصال کشمیر منا رہی ہے۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام جموں و کشمیر کے تنازع کے حل سے جڑا ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کا اس موقع پر کہنا تھا کہ 5 اگست کو دنیا کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوا۔ مقبوضہ کشمیر میں عالمی تنظیموں سمیت بین الاقوامی میڈیا کا بھی داخلہ ممنوع کردیا گیاہے۔ وقت آ چکا ہے کہ بین الاقومی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی زیر تسلط جموں و کشمیر میں ہونے والی ناانصافیوں اور مظالم رکوانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے آزاد کشمیر میں امن عامہ کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں امن وامان کے قیام کے لیے پہلے بھی بھرپور معاونت کی اور آئندہ بھی تعاون جاری رکھیں گے۔ آزاد کشمیر کی سکیورٹی سے متعلق ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے قیام امن کے لیے تعاون پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا.