راولپنڈی؛ جماعت اسلامی کے دھرنے کا مسلسل بارہواں روز، مزید قافلے پہنچ گئے

راولپنڈی: جماعت اسلامی کا لیاقت باغ چوک پر جاری دھرنا بارہویں روز میں داخل ہوگیا، اس دوران ملک کے مختلف علاقوں سے مزید قافلے بھی احتجاج کا حصہ بنتے جا رہے ہیں۔

بجلی کے بھاری بلوں، ٹیکسوں کی بھرمار، آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں، پیٹرول اور گیس کی قیمتوں، مہنگائی سمیت دیگر مطالبات کے لیے جماعت اسلامی کے راولپنڈی دھرنے کا آج مسلسل بارہواں دن ہے جب کہ دھرنے میں شریک کارکن اور دیگر شرکا کا جوش و خروش بھی بڑھتا جا رہا ہے۔

منگل کے روز دھرنے کے شرکا نے نماز فجر پنڈال میں ادا کی۔ جس کے بعد کارکنوں کے لیے معمول کے مطابق ناشتے کا اہتمام کیا گیا۔ دھرنے میں شریک افراد اپنے مطالبات کے لیے تازہ دم نظر آ رہے ہیں جب کہ اپنے مطالبات کے حق میں حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی جاری ہے۔

دھرنے کے مقام پر کارکنوں اور دھرنے کی انتظامیہ کی جانب سے پنڈال اور اطراف میں صفائی اور ٹریفک کو رواں رکھنے کا عمل بھی بدستور جاری ہے۔ اس دوران ملک کے دیگر علاقوں سے ٹولیوں اور قافلوں کی شکل میں مزید کارکن دھرنے کا حصہ بننے کے لیے پہنچ رہے ہیں۔

حکومت کی جانب سے تاحال مذاکرات کے حوالے سے کوئی پیش رفت نظر نہ آنے کے بعد جماعت اسلامی کی قیادت آج آئندہ کے لائحہ ع مل کا اعلان کرے گی۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن دھرنے کے مقام پر اہم پریس کانفرنس کریں گے.

اپنا تبصرہ بھیجیں