راولپنڈی؛ جماعت اسلامی کے مہنگائی کیخلاف دھرنے کا مسلسل تیرہواں دن

راولپنڈی: جماعت اسلامی کا مہنگائی کے خلاف جاری دھرنا مسلسل تیرہویں دن میں داخل ہوگیا۔
بجلی کے بھاری بلز، ٹیکسز کی بھرمار، آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں، پیٹرول اور گیس کی قیمتوں، مہنگائی سمیت دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے جماعت اسلامی کے راولپنڈی میں لیاقت باغ چوک پر دھرنے کا آج مسلسل تیرہواں دن ہے۔ اس دوران ملک کے مختلف علاقوں سے کارکن ٹولیوں کی شکل میں پہنچ کر دھرنے کا حصہ بن رہے ہیں۔

بدھ کے روز بھی دھرنے کے شرکا کے لیے معمول کے مطابق ناشتے کا اہتمام کیا گیا۔ دھرنے میں موجود کارکن بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ احتجاج میں شامل ہیں اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگا رہے ہیں۔ اس دوران تاجروں کے علاوہ اساتذہ کی تنظیمیں بھی جماعت اسلامی کے دھرنے کا حصہ بن چکی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب جماعت اسلامی اور حکومتی ٹیم کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور ہوا، تاہم وہ بے نتیجہ ختم ہوا۔ فریقین نے آج بھی بیٹھنے پر اتفاق ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی نے مطالبات تسلیم ہونے تک محض وعدوں کی بنیاد پر دھرنا ختم یا مؤخر کرنے سے انکار کردیا ہے۔

جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ مطالبات تسلیم کیے جانے کے بعد باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق آج دوپہر مذاکرات کا چوتھا دور ہوگا، جس میں پیش رفت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں