پشاور: لکی مروت میں مروت قومی جرگے کا انعقاد کیا گیا، جس میں شرپسندوں کو امن عمل میں شمولیت کی دعوت دی گئی۔
مروت قومی جرگے میں کمشنر، ڈی سی، آر پی او، پاک فوج کے نمائندوں اور مروت قوم کے مشران نے شرکت کی۔ جرگے میں 2 دن کی تفصیلی بات چیت کے بعد اہم فیصلے کیے گئے۔ مروت قومی جرگے نے مسائل کے پرامن حل اور امن کو برقرار رکھنے کی کوششوں پر زور دیا۔
جرگے میں شریک قبائلی عمائدین نے کہا کہ مروت قوم پاکستانی فوج اور پولیس کے ساتھ مکمل حمایت کا اظہار کرتی ہے اور امن قائم رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ مخالفین اس ساری صورتحال کو پرامن طریقے سے حل کریں، اگر وہ اس میں ناکام رہے تو مروت قوم اپنے دفاع کے لیے تیار ہے۔
عمائدین کا کہنا تھا کہ مروت قوم کی نرمی کو کمزوری نہ سمجھا جائے، اگر ضرورت پڑی تو سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ انتشار پھیلانے والوں کو ہتھیار ڈالنے اور مذاکرات کرنے کی دعوت دیتے ہیں ، بصورت دیگر علاقہ چھوڑنے کا کہا جائے گا۔
جرگے کے شرکا قبائلی عمائدین نے کہا کہ پشتون ولی اور روایات کی پاسداری پر زور دیتے ہیں اور بات چیت کے لیے ہر جگہ جانے کو تیار ہیں۔ امن کو خراب کرنے والوں سے اپیل ہے کہ وہ اپنے اقدامات پر نظرثانی کریں اور پرامن مذاکرات میں شامل ہوں۔ اگر شرپسند تعاون نہیں کریں گے تو انہیں سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مروت قوم کسی بھی صورت امن کو خراب ہونے نہیں دے گی اور ہر ممکن کوشش کرے گی کہ علاقے میں امن قائم رہے.