ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور اُن کے شوہر رنویر سنگھ نے اپنے پہلے بچے کی آمد کے لیے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ اگلے ماہ ستمبر میں اپنے پہلے بچے کا دُنیا میں استقبال کریں گے، اس حوالے سے جوڑے نے خریداری بھی شروع کردی ہے۔
دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے اپنے پہلے بچے کی پیدائش سے قبل اپنے اہلخانہ اور چند قریبی دوستوں کے لیے کچھ گفٹ ہیمپرز آرڈر پر تیار کروائے ہیں۔اس مقبول جوڑے نے جس کمپنی کو تحائف تیار کرکے پیک کرنے کا آرڈر دیا تھا، اُس نے دیپیکا کے ہونے والے بچے کی جنس سے متعلق واضح اشارہ دے دیا ہے۔
دراصل! مذکورہ کمپنی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں تیار شدہ تحائف کی تصویر شیئر کی، ان تحائف کو خاکی کور اور نیلے رنگ کی رِبن کے ساتھ پیک کیا گیا تھا جبکہ ڈبوں پر نیلے اور سفید رنگ کے ستاروں، مچھلی اور گول دائروں پر مبنی سیرامک بھی لٹکے ہوئے تھے۔
کمپنی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں دیپیکا پڈوکون کو ٹیگ بھی کیا جبکہ یہ اسٹوری جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو مداحوں نے اپنے اندازے لگانا شروع کردیے۔
مداحوں نے کہا کہ تحائف کے رنگوں سے واضح ہوگیا ہے کہ دیپیکا پڈوکون کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوگی، مداحوں نے یہ بھی کہا کہ جوڑے نے کمپنی کے ذریعے اپنے چاہنے والوں کو بچے کی جنس بتائی ہے۔
واضح رہے کہ رنویر سنگھ اوردیپیکا پڈوکون نے سال 2018 میں اٹلی میں ایک پُروقار تقریب کے دوران شادی کی تھی.