لاہور: قومی ہیرو ارشد ندیم کو لانے والا ترکش ایئر لائن کے طیارے میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچے۔
قومی ہیرو ارشد ندیم کو ایئر ٹریفک کنٹرول کی جانب سے پاکستان کی حدود میں طیارہ داخل ہونے پر خوش آمدید کہا گیا، طیارے کو خصوصی واٹر کینن سیلوٹ پیش کیا گیا، لاہور ایئر پورٹ پر شہریوں کی بہت بڑی تعداد قومی ہیرو کا استقبال کرنے کیلئے موجود ہے۔
طیارے سے باہر آنے کے بعد انہیں ایئرپورٹ سیکیورٹی حکام کی جانب سے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے گئے، ارشد ندیم کی اپنے والد سے ملاقات پر جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے، والد انہیں گلے سے لگا کر اپنے آنسوؤں کو روک نہ سکے۔
ارشد ندیم کے استقبال کے لیے ن لیگی رہنما احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب، رانا مشہود اور عظمی بخاری بھی موجود تھیں، احسن اقبال اور خواجہ سعد رفیق نے ارشد ندیم کو گلے لگا کر مبارکباد دی، عظمی بخاری نے انہوں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔
ارشد ندیم کے اہلخانہ، دوست احباب، گاؤں والے لاہور ایئرپورٹ پر موجود ہیں۔
پنجاب پولیس بینڈ کے ذریعے ارشد ندیم کا والہانہ استقبال کیا جائے گا۔ پولیس نے اولمپیئن ارشد ندیم کو تاریخ ساز وی وی آئی پی پروٹوکول دینے کا فیصلہ کیا ہے، لاہور ایئرپورٹ کا وی ائی پی لائونج شہریوں سے خالی کروا کر سکیورٹی لگا دی گئی۔
پولیس کی جانب سے ڈیڑھ سو سے زائد پولیس اہلکار و افسران ارشد ندیم کو سیکیورٹی فراہم کریں گے، ارشد ندیم کے قافلے کے آگے ٹریفک پولیس کا پائلٹ ہو گا، ارشد ندیم کی گاڑی کے آگے پیچھے ایلیٹ کی گاڑیاں موجود ہونگی۔
پولیس حکام کے مطابق ارشد ندیم کے پروٹوکول کےلئے ٹریفک پائلٹ اور ڈی ایس پی رینک کا افسر اختتامی حدود تک ساتھ ہوں گے، متعلقہ ڈویژنل ایس پیز اپنے علاقہ میں متعلقہ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کے ساتھ ریسیو کریں گے۔
ارشد ندیم کے گاؤں میاں چنوں چک 101 میں اسپیکر پر اعلان کرایا گیا کہ جس نے ارشد ندیم کو ایئر پورٹ لینے جانا ہے وہ تیار ہو جائے۔ ارشد ندیم کے گاؤں کے لوگوں کو لاہور ایئر پورٹ لے جانے کے لیے سرکاری بسوں کا انتظام کیا گیا۔
اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم ایشیاء ایتھلیٹکس کے نائب صدر و چیئرمین سائوتھ ایشیاء ایتھلیٹکس میجر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی کے ہمراہ پیرس سے واپس وطن روانہ ہوئے تھے۔
ٹریفک انتظامات مکمل
لاہور ٹریفک پولیس نے لاہور ائیرپورٹ سے ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق لاہور ٹریفک پولیس رنگ روڈ پولیس کے ہمراہ انتظامات کو یقینی بنائے گی۔
ایس پی منیر ہاشمی کی زیر نگرانی 06 انسپکٹرز،42 وارڈنز تعینات ہونگے، رش کے پیش نظر سروس روڈ رنگ روڈ،عسکری10 اور ائیرپورٹ روڈ پر انتظامات کئے جائیں گے۔