اسلام آباد: سندھ حکومت نے بلاول بھٹو کے خلاف نازیبا بیان دینے پر شیخ رشید پر درج مقدمہ خارج ہونے کا اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔
زرائع کے مطابق سندھ حکومت نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی جس میں استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا 25 جون کا فیصلہ خلاف قانون ہے جسے کالعدم قرار دیا جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیمبر میں سماعت کرکے جج نے اپنا مائنڈ اپلائی نہیں کیا، شیخ رشید نے میڈیا کے سامنے بلاول بھٹو کے خلاف نازیبا زبان استعمال کر کے پارٹی ورکرز کو اشتعال دلایا، بلاول بھٹو ایک بڑی سیاسی جماعت کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ ہیں ان کے خلاف نازیبا زبان کا استعمال ملک میں صورتحال کی خرابی کا باعث بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کا مقدمہ خارج کرنے کا فیصلہ خلاف قانون ہے اور مزید تحقیقات کا تقاضا کرتا ہے، ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے، ایک جرم سرزد ہونے کی صورت میں اس کے دوسرے مقام پر اثرات کی بنیاد پر کارروائی ہو سکتی ہے مگر اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا.