کراچی؛ حوالہ ہنڈی کے خلاف آپریشن، نجی بینک کے ملازمین سمیت 3 افراد گرفتار

کراچی: حوالہ ہنڈی کے خلاف کارروائی کے دوران نجی بینک کے ملازمین سمیت 3 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان کے مطابق حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف ایف آئی اے کراچی زون نے چھاپا مار کارروائیوں میں تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایات پر غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

کارروائیوں کے دوران کراچی کے علاقے نیو چالی میں واقع نجی بینک کی برانچ سے 2 ملزمان روح اللہ، خاور حسین کو گرفتار کیا گیا جو دونوں نجی بینک کے ملازم تھے۔ ملزمان سے مجموعی طور پر 40,500 سعودی ریال برآمد ہوئے ۔

دوسری کارروائی میں ملزم شاہ زیب کو پارک ٹاورز کلفٹن کراچی سے گرفتار کیا گیا جس کے قبضے سے 70 ہزار اماراتی درہم اور 14 ہزار امریکی ڈالرز برآمد ہوئے۔ ملزمان غیر ملکی کرنسی برآمد ہونے کے حوالے سے حکام کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے ۔

ایف آئی اے کراچی زون نے ملزمان کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں