کراچی: پاکستانی اداکارہ اور برنس وومین کومل عزیز نے کہا ہے کہ اگر شادی کے بعد اُن کی ازدواجی زندگی میں ناقابلِ برداشت مسائل پیدا ہوئے تو وہ اپنے شوہر کو چھوڑ دیں گی کیونکہ وہ اب مالی طور پر مستحکم ہیں۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران کومل عزیز نے کہا کہ میرا کوئی بھائی نہیں ہے اور والد بھی 7 سال قبل دُنیا سے رخصت ہوگئے تھے، والد کے انتقال کے بعد، میں نے مالی طور پر مستحکم ہونے کا فیصلہ کیا کیونکہ اس معاشرے میں مرد کے بغیر وہی عورت رہ سکتی ہے جو معاشی طور پر مضبوط ہو۔
کومل عزیز نے کہا کہ میں نے اداکاری چھوڑ کر کاروبار کرنے کا فیصلہ کیا اور اللہ تعالیٰ کے کرم سے میرا یہ فیصلہ درست ثابت ہوا، میں اپنے کاروبار کی وجہ سے معاشی طور پر مضبوط ہوچکی ہوں، اب اکیلے ہی ہر مشکل کا سامنا کرسکتی ہوں۔
اداکارہ نے کہا کہ 16 سال کی عُمر سے میرے رشتہ آنا شروع ہوگئے تھے لیکن میں نے شادی کے بجائے تعلیم پر توجہ دی، تعلیم مکمل ہونے کے بعد اداکاری کی دُنیا میں قدم رکھا اور اب اپنی ساری توجہ صرف کاروبار پر دے رہی ہوں۔
اُنہوں نے کہا کہ اگر میں کم عُمر میں شادی کے لیے تیار ہوجاتی تو اُس وقت اپنے ہمسفر سے متعلق زیادہ مطالبات نہیں کرسکتی تھی لیکن اب میں اپنے ہونے والے ہمسفر کے سامنے اپنے مطالبات رکھ سکتی ہوں۔
کومل عزیز نے کہا کہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ اگر میں معاشی طور پر مستحکم ہونے سے پہلے ہی شادی کرلیتی اور میرا شوہر شادی کے بعد مجھ پر تشدد کرتا تو کمزور ہونے کی وجہ سے مجھے وہ تشدد، زیادتی برداشت کرنی پڑتی لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔
اداکارہ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اگر مجھے کوئی غلط ہمسفر مل گیا تو میں اُس کا تشدد یا تضحیک برداشت نہیں کروں گی بلکہ فوراََ اُسے چھوڑ دوں گی۔
اُنہوں نے کہا کہ شادی ہر انسان کی زندگی کا سب سے اہم اور بڑا فیصلہ ہوتا ہے، میں یہ فیصلہ سوچ سمجھ کر کروں گی لیکن یہاں یہ بات واضح ہے کہ میں شوبز انڈسٹری سے وابستہ کسی شخص سے نہیں بلکہ کاروباری شخص سے شادی کروں گی۔
کومل عزیز نے مزید کہا کہ اب میری عُمر 34 سال ہوچکی ہے، یہ عُمر کم نہیں ہے، اب مجھے ہر حال میں شادی کرلینی چاہیے۔