فیروز اور اقرا عزیز کا ڈرامہ ‘خدا اور محبت 3’ تُرکیہ میں بھی ریلیز کیلئے تیار

مشہور زمانہ ڈرامہ سیریل ’خدا اور محبت‘ کا تیسرے سیزن ترکیہ کے چینل ‘کنال 7′ پر نشر ہونے کے لیے تیار ہے، ڈرامے کا تُرک زبان میں ٹریلر بھی جاری ہوگیا ہے۔

سال 2021 میں نشر ہونے والے مقبول ڈرامہ ‘خدا اور محبت 3′ کی کہانی ہاشم ندیم نے لکھی تھی جبکہ اس کی ہدایتکاری سید وجاہت حسین نے کی تھی، ڈرامے میں فرہاد اور ماہی کی ادھوری محبت کی کہانی دکھائی گئی تھی۔

ڈرامے میں فرہاد کا کردار فیروز خان جبکہ ماہی کا کردار اقرا عزیز نے ادا کیا تھا، ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں جنید خان، مرزا زین بیگ، حنا خواجہ بیات، جاوید شیخ، روبینہ اشرف، عثمان پیرزادہ، اسماء عباس، طوبیٰ صدیقی، فریحہ جبین، نور الحسن اور سنیتا مارشل شامل تھیں۔

مزید پڑھیں: یمنیٰ زیدی اور وہاج علی ترکیہ میں ٹرینڈ کرنے لگے

‘خدا اور محبت 3′ نے مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیے تھے اور یہ پہلا پاکستانی ڈرامہ تھا جو یوٹیوب پر ون بلین کلب میں شامل ہوا تھا، ڈرامے کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اب اسے ترکیہ میں بھی ریلیز کیا جارہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فیروز خان اور اقرا عزیز کا مقبول ڈرامہ ‘خدا اور محبت 3′ ترکیہ کے چینل ‘کنال 7′ پر نشر کیا جائے گا، ڈرامے کا تُرک زبان میں ٹریلر بھی ریلیز ہوگیا ہے جسے تُرک مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا جارہا ہے۔

‘کنال 7′ کے یوٹیوب چینل پر ریلیز کیے گئے ٹریلر کے مطابق ‘خدا اور محبت 3′ کو تُرک زبان میں ‘ناسیپ’ کا نام دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ترکیہ میں وہاج علی اور یمنیٰ زیدی کے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ‘تیرے بن’ کی نشریات کا بھی آغاز ہوا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں