اسلام آباد: پی ٹی آئی چئیرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ رؤف حسن پڑھے لکھے شخص ہیں آرٹیکل لکھتے رہے ہیں، صحافیوں کا صحافیوں سے رابطہ رہتا ہے، ان پر بھارت سے تعلقات کے لگائے گئے الزامات جھوٹے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ پی ٹی آئی چئیرمین نے پنجاب میں بجلی کی قیمتوں میں ریلیف کو ناکافی قرار دیا، بجلی کی قیمت سب کے لیے کم ہونی چاہیے، بجلی کی قیمتیں ایک دو ماہ کے لیے نہیں مستقل کم ہونی چاہئیں، ان سے بجلی کی قیمتیں کم نہیں ہورہیں ترقیاتی فنڈز سے نکال کر ریلیف دیا جارہا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ رؤف حسن پڑھے لکھے آدمی ہیں آرٹیکل لکھتے رہے ہیں، صحافیوں کا صحافیوں سے رابطہ رہتا ہے، رؤف حسن نے کوئی غیرقانونی کام نہیں کیا ان پر بھارت سے تعلقات کے لگائے گئے الزامات جھوٹے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اسلام آباد بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیں گے، پی ٹی آئی بلدیاتی انتخابات میں کلین سوئپ کرے گی، امیدوار زیادہ سے زیادہ تعداد میں کاغذات نامزدگی جمع کرائیں۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے چار حلقوں کے کیسز کا فیصلہ کیا تھا، بدقسمتی سے ہمارے تحفظات کو نہیں سنا گیا، ہمارے درست ووٹوں کو مسترد کیا گیا، این اے 79 میں پہلے کوئی دوبارہ گنتی کی درخواست نہیں آئی، امید ہے الیکشن کمیشن ہمارے تحفظات سنے گا.