اسلام آباد: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ تین دن سے سندھ حکومت پریشان ہے کہ پنجاب حکومت نے بجلی کے بلوں میں ریلیف کیوں دے دیا، آپ حسد نہ کریں ہمت کریں اور سندھ کے عوام کو ریلیف دیں۔
سعید غنی کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ پچھلے تین دن سے سندھ حکومت پریشان ہے پنجاب حکومت نے بجلی کے بلوں میں ریلیف کیوں دے دیا؟ ارے بھائی! پنجاب کی وزیراعلیٰ کو اپنے صوبے کے عوام کی فکر ہے، مریم نواز نے اپنے صوبے کے فنڈز سے اپنے عوام کو ریلیف دیا، آپ حسد نہ کریں ہمت کریں اور سندھ کے عوام کو ریلیف دیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عوامی ریلیف کے اقدام پر فضول قسم کی سیاست کرنا باعث تعجب ہے، مریم نواز نواز شریف کی بیٹی ہے اور نواز شریف نے ہمیشہ عوام کی بات کی ہے، عوامی جماعت ہونے کے دعوے دار کے تمام وزرا اور ترجمان تین دن سے عوامی ریلیف کے ہی خلاف بیانات دے رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ جب آپ عوام کے دعوے دار بنتے ہیں تو مشکل کی گھڑی میں عوام کو ریلیف دینے سے گھبرا کیوں رہے ہیں؟ ہمت کریں آپ بھی سندھ کے عوام کو ریلیف دیں اور تحریک انصاف کی لائن فالو مت کریں.