اسلام آباد: وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے ایک بار پھر کسی کا نام لیے بغیر دعوت دی ہے کہ فساد اور بلوے نہ کریں، آئیں آج بھی دعوت دیتے ہیں بیٹھیں ملک کو چلانے دیں۔
وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ ملک میں دو الگ الگ مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ ایک وہ منظر جس میں سب تاریکی میں دکھایا جا رہا ہے اور ایک وہ منظر جس میں نوجوانوں کے چہروں پر مسکراہٹ اور روشنی ہے۔ نوجوانوں کے ذہنوں میں مستقبل تابناک ہونے کے خواب ہیں۔ نوجوانوں کی منزل کے راستے میں کچھ لوگ حائل ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جو ملک کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں میں پنجاب حکومت نے بڑا ریلیف دیا ہے۔ وفاق بھی پنجاب سے قبل صارفین کو ریلیف دینے کا اعلان کر چکا ہے۔ 500 یونٹ کا مطلب 98 فیصد پاکستان کے گھرانے ہیں، جنہیں یہ سہولت دی گئی ہے۔ 200 یونٹ تک کے گھرانوں کو پہلے ہی ریلیف دیا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب نے امرا کے سوا سب کو سہولت دے دی ہے۔ ہر صوبے کو اپنے لوگوں کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہیے۔ گیس کے حوالے سے بھی کوشش ہو گی کہ ریلیف دیا جائے۔ گیس کی قیمتیں تاحال نہیں بڑھائی گئیں۔
مصدق ملک نے ایک بار پھر کسی کا نام لیے بغیر پریس کانفرنس میں کہا کہ سوال اٹھتا ہے کہ 9 مئی کیسے ہوا ؟ سوال اٹھتا ہے کہ دہشت گردوں کو کون لا کر آباد کر رہا تھا؟ سوال اٹھتا ہے کہ کون دہشتگردوں کو بھتہ دیتا تھا؟ سوال اٹھتا ہے کہ کون دہشتگردوں کا سہولتکار رہا؟
ان کا مزید کہنا تھا کہ کہا گیا کہ ہم آپریشن نہیں کرنے دیں گے۔ صوبائی سکیورٹی تو صوبائی حکومت کی ذمے داری ہے۔ اگر آپریشن نہیں ہونے دے رہے تو آپ کو شہیدوں کے خون کا حساب دینا ہوگا۔وزیر مملکت نے ایک بار پھر نام لیے بغیر کہا کہ فساد نہ کریں بلوائیوں والا کام نہ کریں! آئیں آج بھی دعوت دیتے ہیں بیٹھیں ملک کو چلانے دیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش کی تھی اور کہا تھا کہ ہم کہتے ہیں آئیں مل کر بیٹھیں ، بات کرتے ہیں، معاملات کو سلجھاتے ہیں۔بات کرو لیکن برباد مت کرو، ملک کو الجھاؤ نہیں بلکہ سلجھاؤ، ہم نے کہا آؤ حکومت بنائیں آپ کہتے ہیں ہم نہیں بنائیں گے، آج آپ اُدھم مچارہے ہیں۔بعد ازاں مصدق ملک نے نجی ٹی وی کے پروگرام سینٹراسٹیج میں گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ پریس کانفرنس میں انہوں نے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت نہیں دی تھی اور اس حوالے سے چلنے والی خبریں درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی پریس کانفرنس میں کہیں نہیں کہا کہ حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت ہے، آخر کیوں سب کے ذہن میں یہ سوال پیدا ہوا کہ ہم نے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دی، کسی اور اپوزیشن جماعت کا خیال کیوں نہیں ہوا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہم نے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی جو دعوتیں دینی تھی پہلے دے چکے ہیں۔