لاہور: تحریک انصاف نے 22 اگست کے جلسے سے متعلق پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ہراساں کرنے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔
پی ٹی آئی پنجاب کے صدر زبیر کسانہ نے سلمان خان نیازی کی وساطت سے درخواست دائر کی جس میں صوبائی حکومت، پنجاب پولیس سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا کہ ترنول کے مقام پر 22 اگست کو تحریک انصاف کا جلسہ ہے لیکن پنجاب حکومت، انتظامیہ اور پولیس جلسے میں شرکت سے روکنے کے لیے ہراساں کر رہی ہے۔
موقف اپنایا گیا کہ لاہور سمیت پنجاب میں کارکنان کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، کسی بھی سیاسی جماعت کو جلسہ، جلوس اور ریلی نکالنے کی آزادی آئین پاکستان فراہم کرتا ہے، صوبائی حکومت کی ایماء پر پنجاب پولیس چادر چاردیواری کا تقدس پامال کر رہی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت پنجاب پولیس سمیت دیگر فریقین کو ہراساں کرنے سے روکے.