دوران ڈکیتی دو افراد کے قتل اور ایک کروڑ 35 لاکھ روپے لوٹنے والا ایک اور ملزم گرفتار

کراچی: کیماڑی پولیس نے میوہ شاہ میں کارروائی کرتے ہوئے ساڑھے چار ماہ قبل میٹروول میں دوران ڈکیتی دو افراد کو قتل کرکے ایک کروڑ 35 لاکھ روپے لوٹنے والے ایک اور ملزم کو گرفتار کرلیا۔
زرائع کے مطابق ضلع کیماڑی اینٹی اسٹریٹ کرائم سیل ٹیم نے پاک کالونی کے علاقے میوہ شاہ میں کارروائی کرتے ہوئے ساڑھے چارماہ قبل میٹروویل میں دوران ڈکیتی 2 افراد کو قتل کرکے ایک کروڑ 35 لاکھ روپے لوٹنے والے ایک اور ملزم رحمت ولد حاجی عبدالقیوم کو گرفتار اسلحہ اور 5 لاکھ برآمد کرلیے۔

ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی کے مطابق گرفتار ملزم رحمت نے عبدالرؤف نامی ساتھی کے ہمراہ 8 اپریل کو میٹروویل بلاک 4 میں ڈکیتی کی واردات کی تھی اور پولٹری فارم کے کیشیئر شیر عالم اور ساتھی ملازم ذاکر کے ہمراہ گاڑی میں ایک کروڑ35 لاکھ روپے کیش بینک لے جا رہے تھے کہ اسی دوران ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کرکے دونوں افراد کو بے دری سے قتل کردیا تھا اور کیش لے کر فرار ہوگئے تھے۔

واردات کا مقدمہ سائٹ اے تھانے میں درج کیا گیا تھا، مقدمے کے اندراج کے بعد ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا کی خصوصی ہدایت پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ ٹیم تکنیکی اور انٹیلی جنس ذرائع کی مدد سے ملزمان کے تعاقب میں تھی لیکن ملزمان شہر سے فرار ہوگئے تھے اور دوران ڈکیتی دہرے قتل کا واقعہ پولیس کے لیے چیلنج بنا ہوا تھا۔

ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق گرفتار ملزم رحمت کے قبضے سے برآمد پستول میٹروویل میں دوران ڈکیتی پولٹری فارم کے ملازموں کے قتل میں استعمال کیا گیا تھا۔

ایس ایس پی کے مطابق ملزمان کی جانب سے میٹروول میں اور بھی وارداتیں سامنے آئی ہیں، ملزمان نے 5 اپریل 2024ء کو میٹروویل میں بینک سے کیش لے کر نکلنے والے حبیب نامی شخص سے 8 لاکھ روپے چھینے تھے۔ ملزمان نے میٹروویل میں ہی ایک اور واردات کے دوران 40 ہزار روپے بھی لوٹے تھے، گرفتارملزم اس سے قبل بھی گرفتار ہو کر جیل جاچکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں